لڑائی کیلئے تیار رہنا ہر آرمی کا فرض : جنرل راوت

 

گونی کوپل (کرناٹک) ۔ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے آج کہا کہ ہر آرمی کو لڑائی کیلئے تیار رہنا ہوگا اور یہی اس کی اصل ذمہ داری ہوتی ہے ۔ راوت ، چینی صدر ژی جن پنگ کے تعلق سے اخباری نمائندوں کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ چینی صدر نے اپنے ملک کے مسلح افواج کو تاکید کی ہے کہ لڑائی کی اپنی صلاحیتوں اور جنگ کیلئے تیاری کی حالت میں بہتری لائیں۔ جنرل راوت نے گزشتہ روز ڈوکلام کی صورتحال کے بارے میں ریمارکس کئے تھے۔ میڈیا نے آج اُس بارے میں بھی ان سے استفسار کیا۔ انہوں نے جواباً کہا کہ ’’ہر فوج کو لڑائی کے لئے تیار رہنا پڑتا ہے اور یہی اس کی بنیادی ذمہ داری ہوا کرتی ہے لہذا جنگ یا لڑائی کیلئے تیار رہننے کی تاکید کرنا کوئی نئی بات نہیں‘‘۔ ’’مَیں خود بھی تیاری کی حالت میں رہتا ہوں چاہے امن کا وقت ہو، یا کوئی اور ہنگامی صورتحال، لہذا اس معاملے میں نئی بات کچھ نہیں‘‘۔

فیلڈ مارشل کریپا کو ’’بھارت رتن ‘‘دیا جائے
دریں اثناء فوجی سربراہ جنرل راوت نے ملک کا اعلیٰ ترین سیویلین اعزاز ’’بھارت رتن‘‘ آزاد ہندوستان کے پہلے فوجی سربراہ فیلڈ مارشل جنرل کے ایم کریپا کو عطا کرنے کی بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اب فیلڈ مارشل کریپا کو بھارت رتن عطا کئے جانے کی سفارش کا وقت آچکا ہے۔ اگر دیگر شخصیتیں یہ حاصل کرسکتی ہیں تو مجھے کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ کیوں انہیں نہیں ملنا چاہئے جو اس کیلئے نہایت موزوں اور مستحق شخصیت ہیں۔ ہم عنقریب اس مسئلہ کی ترجیحی بنیاد پر یکسوئی کرلیں گے۔ فیلڈ مارشل کریپا کا 94 سال کی عمر میں 1993ء بنگلور میں دیہانت ہوا تھا۔