لٹیرے نے ہندوستانی نوجوان کو ہلاک کردیا

نیویارک۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست مسی سپی میں لٹیروں نے ایک مکان کو لوٹنے کے بعد مکان کے روبرو ہی اس میں رہنے والے 21 سالہ ہندوستانی نژاد شخص کو گولی مارکر ہلاک کردیا۔ یاد رہے کہ صرف کچھ روز قبل ہی چار مسلح لٹیروں نے ایک ہندوستانی طالب علم کو ہلاک کردیا تھا۔ اتوار کے روز لٹیروں نے سندیپ سنگھ نامی نوجوان کے پیٹ میں گولی مار دی۔ یہ واقعہ مسی سپی کے جیکسن سٹی میں رونما ہوا۔ دریں اثناء جیکسن سٹی کے پولیس عہدیداروں کا کہنا ہے کہ لٹیروں کی ٹولی گزشتہ کچھ دنوں سے جرائم کا ارتکاب کررہی ہے اور اس بار بھی وہی مسلح ٹولی اس واقعہ میں بھی ملوث ہے۔ اطلاعات کے مطابق سندیپ سنگھ اور دیگر دو افراد اپنے مکان کے باہر کھڑے ہوئے تھے کہ اچانک ایک نقاب پوش وہاں پہنچ گیا اور وہاں کھڑے ہوئے لوگوں سے رقومات اور سیل فونس چھین لئے تاہم جاتے جاتے اس نے اپنے ریوالور سے فائر کیا جس کی ایک گولی سنگھ کو جا لگی اور اسے زخمی حالت میں یونیورسٹی آف مسی سپی میڈیکل سنٹر پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ جاریہ سال اس نوعیت کے واقعات رونما ہونے کے بعد جیکسن سٹی میں سندیپ سنگھ ہلاک ہونے والا 58 اں فرد ہے جس نے صرف چار سال پہلے سیاحتی ویزا پر امریکہ آنے کے بعد ورک پرمٹ بھی حاصل کرلیا۔ اس کا تعلق پنجاب کے شہر جالندھر سے تھا۔