نئی دہلی 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ٹرین کے کئی مسافرین کو اولڈ دہلی ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے بریج پر توقف کے دوران مبینہ طور پر تقریباً نصف درجن نا معلوم مسلح آدمیوں نے لوٹ لیا، پولیس نے آج یہ بات کہی۔ یہ واقعہ کل رات پیش آیا جب مرادآباد۔ دہلی پاسنجر ٹرین اولڈ دہلی ریلوے برج پر گرین سگنل کے انتظار میں رُکی تھی کہ مسلح افراد اس کے ایک کوچ میں گُھس گئے اور کئی مسافروں کو چاقو اور بندوق کی نوک پر لوٹ لیا۔ بعض مسافرین کو مزاحمت کی کوشش پر غنڈوں نے مار پیٹ بھی کی۔ جب ٹرین چل پڑی تو وہ تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فراری میں کامیاب ہوگئے۔
مظفر نگرفسادکاایک اور متاثر فرد
سردی کے سبب فوت
مظفر نگر 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مظفر نگر کے بدترین فساد زدہ علاقوں کے کم از کم 219 بے گھر خاندانوں نے جنہیںریلیف کیمپوں سے زبردستی نکال دیا گیا، آج حکومت سے انہیں سردی سے بچاؤ کیلئے عارضی آسرا فراہم کرنے کی اپیل کی جبکہ شاملی میں شدید موسم کے سبب مزید ایک فرد کی موت ہوگئی۔ کل اس ضلع کے شاہ پور کیمپ کے قریب 60 سالہ خاتون سرد موسم کا شکار ہوگئی۔سب ڈیویژنل مجسٹریٹ نے اس موت کی تحقیقات کیلئے ایک ٹیم بھیجی ہے۔