پیرس ۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) پیرس حملوں کے زندہ بچ جانے والے مشتبہ حملہ آور صلاح عبدالسلام کے بھائی نے کہا کہ صلاح عبد السلام نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اس لیے نہیں اڑایا کہ وہ لوگوں کی جان بچانا چاہتا تھا۔ محمد عبدالسلام نے بلجیم کی ایک جیل میں اپنے بھائی صلاح عبد السلام سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوران ملاقات ان کے بھائی نے بتایا کہ اگر میں خود کو اڑا لیتا تو اور بہت سے لوگ مارے جاتے۔ خوش قسمتی سے میں نے ایسا نہیں کیا۔ واضح رہے کہ پیرس میں 13 نومبر 2015 کو ایک کنسرٹ ہال، اسٹیڈیم، ریستوراں پر ہونے والے حملوں میں 130 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ صلا ح عبدالسلام کو گزشتہ ماہ بروسلز میں گرفتار کیا گیا۔
اسد کے بارے میں امریکہ سے کوئی معاملت نہیں: روس
ماسکو۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاروف نے کہا کہ شام کے صدر بشارالاسد کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے امریکہ اور روس کے درمیان کسی قسم کی خفیہ معاملت نہیں ہوئی ہے۔ دونوں ملکوں میں صدر اسد کے مستقبل کے حوالے سے ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ماسکو میں لاروف نے کہا کہ صدر اسد کے مستقبل کا فیصلہ شامی عوام کوکرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے، اس حوالے سے ہمارے امریکی اتحادیوں کیلئے یہ مناسب نہیں کہ وہ شکوک و شبہات کی فضاء پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ لاروف نے صدر اسد کے مستقبل کے حوالے سے ماسکو اور واشنگٹن میں طے پائی معاملت کی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی خبریں حقائق کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ شام کے معاملے میں اپنے یورپی اتحادیوں اور خطے کے دوسرے ملکوں پراپنی مرضی کا فیصلہ ٹھونسنے میں ناکام رہا ہے۔