نئی دہلی ۔ /18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے انسداد رشوت ستانی ادارہ لوک پال میں صدرنشین اور ارکان کے تقررات کیلئے آج درخواستیں طلب کئے ہیں ۔ وزارت اُمور ملازمین کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ’’ لوک پال میں صدرنشین اور آٹھ ارکان کے تقررات کیلئے حکومت نے درخواستیں طلب کئے ہیں ۔ اہل و مستحق افسران کی نامزدگیوں سے متعلق ایک مکتوب سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے رجسٹرارس کو روانہ کردیا گیا ہے ۔ مرکز نے ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو بھی مکتوب راونہ کئے ہیں ‘‘ ۔ محکمہ ملازمین و تربیت کے سکریٹری کے نام یہ درخواستیں /7 فبروری تک وصول کی جائیں گی ۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرمی نے اس سال یکم/ جنوری کو لوک پال اور لوک آیوکت کے تقررات کو منظوری دی تھی ۔
غیرامتیازی تجارتی رسائی سے ہندوپاک کا اتفاق
نئی دہلی ۔ /18 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان نے باہمی تجارتی میں اضافہ کیلئے ایک دوسرے کیلئے انتہائی پسندیدہ ملک کا موقف دینے کے بجائے مارکٹ تک غیر امتیازی رسائی دینے سے اتفاق کرلیا ہے اور روزانہ 24 گھنٹے واگھا ۔ اٹاری سرحد کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر صنعت و تجارت آنند شرما نے اپنے پاکستانی ہم منصب خرم دستگیر خان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا اور کہا کہ باہمی تجارت میں اضافہ کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔