نئی دہلی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لوک پال بل کو آج صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کی منظوری مل گئی اس کے ذریعہ انسداد دہشت گردی ادارہ کے قیام کی راہ ہموار ہوگئی ہے اور وزیراعظم بھی بعض مخصوص حالات کے سواء اس کے دائرہ کار میں شامل ہوگئے ہیں۔ لوک پال بل کو راجیہ سبھا میں 17 ڈسمبر کو منظور کیا گیا اور اس کے دوسرے دن لوک سبھا میں منظوری عمل میں آئی۔ لوک سبھا سکریٹریٹ نے اس بل کی ایک نقل وزارت قانون کو کل روانہ کی تھی اور اسپیکر میرا کمار نے اس پر دستخط کردیئے ہیں۔ بعدازاں صدرجمہوریہ کی دستخط کیلئے یہ بل راشٹرپتی بھون روانہ کیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ صدرجمہوریہ نے اس بل پر دستخط کردیئے ہیں اور اب بعض ضرو ری اُمور کی تکمیل کے بعد یہ قانون کی شکل اختیار کرلے گا۔ وزارت قانون میں سکریٹری لیجسلیٹیو ڈپارٹمنٹ دستخط کے بعد یہ بل سرکاری گزٹ میں اشاعت کیلئے روانہ کریں گے۔
وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر معاملت منسوخ
نئی دہلی ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے برطانوی ۔ اطالوی کمپنی آگسٹا ویسٹ لینڈ کے ساتھ 770 ملین ڈالر (لگ بھگ 3600 کروڑ روپئے) کی ہیلی کاپٹر معاملت منسوخ کردی ہے جبکہ اس پر عہدیداروں کو رشوت دینے کے الزامات عائد کئے گئے تھے، وزارت دفاع کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے آج برطانوی نیوز ایجنسی رائٹرس کو یہ بات بتائی۔ وزیردفاع اے کے انٹونی نے کہا ہیکہ انہیں آگسٹا ویسٹ لینڈ کی اس تردید پر یقین نہیں کہ اس نے اعلیٰ سیاستدانوں کیلئے 12 ہیلی کاپٹروں کی خریدی کیلئے معاملت کو اپنے حق میں کرنے کیلئے رشوتیں ادا کئے۔ آگسٹا ویسٹ لینڈ کمپنی نے جو اطالوی ڈیفنس گروپ فن میکانیکا کا ڈیویژن ہے، کسی بھی غلط اقدام کی تردید کی ہے۔ ہندوستان کی وزارت دفاع کے ترجمان آج کی تبدیلی پر تبصرہ کیلئے فوری طور پر دستیاب نہیں ہوئے۔