حیدرآباد /4 جنوری ( سیاست نیوز ) ریاست بشمول شہر حیدرآباد میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کی تلنگانہ راشٹرا سمیتی ( ٹی آر ایس ) میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ چنانچہ گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے لوک ستہ پارٹی گریٹر حیدرآباد کے اہم قائد نے لوک ستہ پارٹی کو چھوڑ کر تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کی ۔ تفصیلات کے مطابق لوک ستہ گریٹر حیدرآباد کمیٹی کے جنرل سکریٹری مسٹر جی وینوگوپال راؤ نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہوگئے ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مسٹر وینو گوپال راؤ کا گلابی کھنڈوا ڈال کر انہیں ٹی آرایس میں شامل کرکے خیرمقدم کیا ۔ اس موقع پر مسٹر وینوگوپال راؤ نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس زیر قیادت تلنگانہ حکومت کے ترقیاتی کاموں سے متاثر ہوکر انہوں نے لوک ستہ پارٹی سے مستعفی ہونے اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔