لوک سبھا کے چوتھے مرحلہ کیلئے آج رائے دہی

اہم امیدواروں میں کنہیا کمار ، ارمیلا ماتونڈکر، ڈمپل یادو ، ملند دیورا، سلمان خورشید شامل

نئی دہلی ۔ 28اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ کیلئے کل رائے دہی ہوگی ۔ 9ریاستوں میں پھیلے ہوئے 72 پارلیمانی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ ان ریاستوں میں 2014ء کے انتخابات کے دوران حکمراں بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں کو 56نشستوں پر کامیابی ملی تھی ۔ کانگریس کے حق میں صرف 2نشستیں آئی تھیں ۔ ماباقی نشستوں پر ترنمول کانگریس اور بی جے ڈی نے کامیابی حاصل کی تھی ۔ مہاراشٹرا کے 17حلقوں میں راجستھان 13، اترپردیش 13 ، مغربی بنگال 8 ، مدھیہ پردیش 6 ، اڈیشہ 6 ، بہار 5 اور جھارکھنڈ میں 3حلقوں میں رائے دہی ہوگی ۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر کے اننت ناگ میں بھی ووٹنگ ہوگی ۔ 961امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ جن میں اہم امیدوار سابق وزیر سلمان خورشید (کانگریس) ، کنہیا کمار ( سی پی آئی ) ، ارمیلا ماتونڈکر( کانگریس) ، ڈمپل یادو ( سماج وادی پارٹی ) ، شتابدی رائے ( ٹی ایم سی ) اور ملند دورا( کانگریس) شامل ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے 1.40 لاکھ پولنگ بوتھس اور اسٹیشنس قائم کئے ہیں اور اس کیلئے وسیع تر سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ تیسرے مرحلے کی رائے دہی میں لوک سبھا کے 302حلقوں کیلئے ووٹنگ ہوئی تھی ۔ مہاراشٹرا میں اس چوتھے مرحلے کے ساتھ ہی انتخابی عمل ختم ہوجائے گا جہاں اپوزیشن کانگریس کو سخت مقابلہ کا سامنا ہے ۔ جبکہ این سی پی کو ضلع تھانے میں اپنا دباؤ برقرار رکھنے کی سخت کوشش کرنی پڑرہی ہے ۔ راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوک کے فرزند بھی اس مرحلہ کی رائے دہی میں امیدوار ہیں ۔