لوک سبھا کے اولین اجلاس پر منڈے کی موت کے سائے

نئی دہلی 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کی موت کے سائے لوک سبھا کے اوّلین اجلاس پر بھی پڑے جو اُنھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد دن بھر کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ ایوان کی کارروائی کا آغاز اُداسی کے لب و لہجہ میں ہوا۔ قومی ترانہ بجائے جانے کے بعد عبوری اسپیکر کمل ناتھ نے منڈے کی موت پر اظہار تعزیت کیا اور اُنھیں ’’عوام کا آدمی‘‘ قرار دیا۔ آج کا اجلاس شروع ہونے کے فوری بعد کمل ناتھ نے کہاکہ نئی لوک سبھا عظیم اور بھاری ذمہ داریوں کے ساتھ شروع ہوئی ہے۔

ملک کی فلاح و بہبود اور ہمارے عوام دستور کے تحت منتخب کئے گئے ہیں۔ اِن سب کی ذمہ داریاں ہم پر عائد ہوتی ہیں۔ اِس کے بعد ایوان میں روایت کے مطابق خاموشی منائی گئی۔ بعدازاں معتمد عمومی پی سریدھرن نے نومنتخبہ ارکان کی فہرست پیش کی۔ الیکشن کمیشن نے سولہویں لوک سبھا کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ کمل ناتھ نے ارکان سے کہاکہ حلف برداری کی تقریب کل منعقد کی جائے گی۔ ارکان نے اتفاق، چنانچہ کمل ناتھ نے تقریب حلف برداری کل مقرر کردی۔ ایوان کا اجلاس ملتوی کرنے سے پہلے منڈے کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ لوک سبھا کے اعلامیہ کے بموجب منڈے کی کل موت واقع ہوئی ہے اور اُن کی نشست مخلوعہ ہے۔

قبل ازیں کانگریس کے سینئر قائد کمل ناتھ کو نئی لوک سبھا کے عبوری اسپیکر کی حیثیت سے صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے حلف دلوایا۔ 67 سالہ کمل ناتھ نویں میعاد کے لئے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ حلف برداری کی تقریب بالکل سادہ انداز میں منعقد کی گئی۔ راشٹرپتی بھون میں اِس تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی، نائب صدر حامد انصاری، مرکزی وزیر برائے پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی اُمور سنتوش کے گنگوار شامل تھے۔ سابق مرکزی وزیر پارلیمانی اُمور و رکن لوک سبھا جن کا تعلق مدھیہ پردیش کے ایک انتخابی حلقہ چھندوارہ سے ہے، اُنھیں صدرجمہوریہ اور دیگر اہم افراد نے تقریب حلف برداری کے بعد مبارکباد پیش کی۔

بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمل ناتھ نے کہاکہ اُن کی پارٹی تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور ملک و نوجوانوں کی اُمنگوں کی تکمیل کرے گی۔ بی جے پی نے گزشتہ پانچ سال کے دوران ایوان میں شوروغل کیا تھا جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ اپوزیشن حکومت کی توجہ عوام کی ضروریات کی جانب مبذول کروائے گی اور زیرالتواء واضح قانون سازیوں میں مدد فراہم کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ قائد اپوزیشن کا انتخاب کل کے بعد کیا جائے گا۔ عبوری اسپیکر باقاعدہ اسپیکر کے انتخاب تک فرائض انجام دے گا۔ دریں اثناء راہول گاندھی لوک سبھا میں آج اپوزیشن کی پچھلی نشستوں پر بیٹھے ہوئے دکھائی دیئے۔ وہ پارٹی ساتھیوں اسرارالحق اور ششی تھرور کے ساتھ نشستوں کی نویں قطار میں تھے۔ سامنے کی نشستوں پر برسر اقتدار پارٹی کے ارکان اور کانگریس کے قائد مقننہ پارٹی ملک ارجن کھرگے، سونیا گاندھی، ویرپا موئیلی اور کے ایچ منی اپا موجود تھے۔