لوک سبھا کی 16 نشستوں کیلئے کانگریس امیدواروں کے ناموں کی سفارش

آل انڈیا کانگریس کی اسکریننگ کمیٹی کو فہرست کی پیشکشی
حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں لوک سبھا کی 17 کے منجملہ 16 نشستوں کے لئے امیدواروں کے ناموں کی ہائی کمان کو سفارش کردی ہے۔ پردیش کانگریس الیکشن کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں یہ فہرست تیار کی گئی۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنٹیا اور دیگر سکریٹریز کی موجودگی میں گرما گرم مباحث کے بعد ناموں کو قطعیت دی گئی۔ بعض حلقوں سے صرف ایک نام کی سفارش کی گئی اور بعض میں دو اور تین نام شامل کئے گئے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اسکریننگ کمیٹی کو یہ فہرست پیش کی جائے گی۔ حلقہ جات اور سفارش کردہ ناموں کی تفصیل اس طرح ہے۔ سکندرآباد انجن کمار یادو، کریم نگر پونم پربھاکر، ظہیرآباد مدن موہن راؤ، میدک جی انیل، نلگنڈہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، پٹیل رمیش اور رگھویر، بھونگیر مدھو یاشکی گوڑ، بھکشمیا گوڑ، کے دامودھر ریڈی اور سہودر ریڈی، کھمم پی سدھاکر ریڈی، رینوکا چودھری، وی ہنمنت راؤ اور جی روی، محبوب آباد بلرام نایک، رویندر نایک اور بلیا نایک، ورنگل اندرا، ڈاکٹر راج مولی اور وجئے کمار مادیگا، نظام آباد سدرشن ریڈی، انیل اور مدھو یاشکی، محبوب نگر ومشی چندر ریڈی، ناگر کرنول نندی یلیا، سمپت کمار اور ملو روی، پداپلی کے ست نارائنا اور آرے پلی موہن، عادل آباد ایس بابو راؤ، نریش جادھو اور اے سکو، چیوڑلہ کونڈا ویشویشور ریڈی، ملکاجگیری کے سری سیلم گوڑ اور کے ایل آر۔ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے کسی کے نام کی سفارش نہیں کی گئی۔ فہرست میں ایک بھی مسلم اقلیت کا نام نہیں ہے جبکہ لوک سبھا چناؤ میں اقلیتی ووٹ کئی حلقوں میں فیصلہ کن ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مدھو یاشکی نے نظام آباد سے محمد اظہرالدین کے نام کی سفارش کی تھی لیکن قبول نہیں کیا گیا۔