نئی دہلی ۔ 6 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) انتخابی عہدیدار لوک سبھا چناؤ کے کل اور 12 مئی کو مقررہ آخری دو مرحلوں کے دوران اگر کوئی بھی انتخابی دھاندلی کا پتہ چلے تو کوئی باقاعدہ شکایت کا انتظار کئے بغیر فی الفور کارروائی کریں گے اور مرکزی دستوں کو بروئے کار لانے کے اختیارات سے استفادہ کیا جائے گا۔ یہ چند اضافی اقدامات میں سے ہیں جن کا الیکشن کمیشن نے آج اعلان کیا جس کا پس منظر بعض ریاستوں بشمول مغربی بنگال ، اترپردیش اور بہار میں بڑے پیمانہ پر رگنگ اور بوتھ پر قبضے کے الزامات اور ایسے دعوے بھی ہیں کہ بوتھ سطح پر انتخابی حکام عاجلانہ کارروائی میں ناکام ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کیلئے کئے گئے اقدامات سے میڈیا کو واقف کراتے ہوئے ڈپٹی الیکشن کمشنر ونود زوتشی نے یہاں کہا کہ پریسائیڈنگ آفیسر سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی ’’ناخوشگوار‘‘ واقعہ کے تدارک کیلئے پولنگ اسٹیشنوں میں تعینات سنٹرل فورسس کو استعمال کرنے کیلئے انتخابی قوانین کے تحت اپنے اختیارات کو کام میں لائیں ۔
سیکٹر مجسٹریٹ جو 10 پولنگ اسٹیشنوں کا انچارج ہے، اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے حساس پولنگ بوتھس میں مجسٹریٹس کو متعین کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ شکایات کی فوری طور پر یکسوئی کی جاسکے۔ زوتشی نے کہا کہ بوتھ لیول آفیسرس کو اب پولنگ اسٹیشنوں میں ہونے والی سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی مبصرین یا سیکٹر مجسٹریٹس کو اطلاع دینے کیلئے کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی میڈیا ناخوشگوار واقعات کی پولنگ کے دن ہی فوری اطلاع دیتا ہے، اس لئے مقامی ٹی وی چیانلوں پر نظر رکھی جائے گی، تاکہ کسی باقاعدہ شکایت کا انتظار کئے بغیر تیزی سے جوابی اقدام کیا جاسکے۔ یہ تازہ ترین مہم کا حصہ ہے کہ رائے دہی کے روز ٹریکنگ ٹیمس تشکیل دیتے ہوئے معاملوں سے فوری نمٹا جاسکے۔ الیکشن کمیشن کی جاری کردہ ایک اور ہدایت میں بیان کیا گیا ہے کہ پولنگ ایجنٹس سے کسی بھی سطح پر ملنے والی شکایت کی فوری انکوائری کی جائے گی۔
وارانسی کیلئے الیکشن کمیشن کی زائد فورسس
اس دوران وارانسی میں جہاں نہایت سخت مسابقت والی انتخابی لڑائی قریب آرہی ہے، الیکشن کمیشن نے آج کہا کہ اس نے متعدد اقدامات کئے ہیں تاکہ 12 مئی کو آزادانہ اور منصفانہ ووٹنگ کو یقینی بنایا جاسکے۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر ونود زوتشی نے میڈیا والوں کو بتایا کہ ہم نے وارانسی سے متعلق مختلف مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا ہے اور الیکشن کمیشن نے آزادانہ و منصفانہ پولنگ کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کی ہدایات دی ہے۔ وارانسی حلقے کے الیکشن میں کافی گرماہٹ پیدا ہوگئی ہے کیونکہ بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی اس نشست سے بھی مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہیں عام آدمی پارٹی لیڈر اروند کجریوال اور کانگریس کے اجئے رائے کے خلاف مسابقت درپیش ہے۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ بوتھس میں مائیکرو آبزرورس کی تعیناتی سے بھی اتفاق کیا ہے۔