لوک سبھا چناؤ پر اگزٹ پول مسترد: ہنمنت راؤ

تلنگانہ میں 4 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی،کے سی آر اور کے ٹی آر پر تنقید
حیدرآباد ۔ 20۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ نے لوک سبھا انتخابات سے متعلق اگزٹ پولس کو مسترد کردیا اور کہا کہ کئی مواقع پر اگزٹ پولس کے نتائج غلط ثابت ہوئے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نریندر مودی اور بی جے پی کے زیر اثر میڈیا کے گھرانے بی جے پی کے حق میں عوامی رجحان ظاہر کر رہے ہیں جبکہ حقیقی نتائج کا اعلان 23 مئی کو ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام نے کس پارٹی کے حق میں فیصلہ کیا ہے، اس کا اندازہ اگزٹ پول سے نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی نتائج تک ہمیں انتظار کرنا چاہئے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی لہر دکھائی گئی ہے جبکہ انہیں یقین ہے کہ پارٹی کم از کم 4 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں نریندر مودی حکومت کے خلاف عوامی لہر دیکھی گئی، اس کے باوجود اگزٹ پول میں بی جے پی کو دوبارہ اقتدار کی پیش قیاسی باعث حیرت ہے۔ انہوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد پنجہ گٹہ میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کون مجسمہ کی تنصیب میں رکاوٹ پیدا کرے گا۔ ہنمنت راؤ نے افسوس کا اظہار کیا کہ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی توہین پر چیف منسٹر نے خاموشی اختیار کرلی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجہ گٹہ میں وائی ایس راج شیکھر ریڈی کا مجسمہ جب برقرار رہ سکتا ہے تو پھر ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ کیوں نہیں نصب کیا جاسکتا ۔ اس سلسلہ میں وہ کمشنر گریٹر حیدرآباد سے ملاقات کرچکے ہیں اور ضلع کلکٹر حیدرآباد سے نمائندگی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے پاس ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی توہین پر تبصرہ کرنے کیلئے وقت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ انٹرمیڈیٹ کے خودکشی کرنے والے طلبہ اور بھونگیر کے حاجی پور میں قتل کی گئیں کمسن لڑکیوں کے پسماندگان سے ہمدردی کیلئے بھی وقت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حاجی پور واقعہ کے بعد کسی بھی وزیر نے متاثرین سے ملاقات نہیں کی۔ کانگریس کے احتجاج کے بعد کے ٹی راما راؤ نے ٹوئیٹر پر متعلقہ سرپنچ سے بات چیت کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری کی تکمیل سمجھا ۔ انہیں چاہئے تھا کہ وہ تین لڑکیوں کے متاثرین سے ملاقات کرتے۔ ہنمنت راو نے حاجی پور کے متاثرین کو فی کس 50 لاکھ اور انٹرمیڈیٹ کے متاثرین کو فی کس 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حاجی پور میں بس اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن کے پاس عوامی مسائل کے لئے وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے سلسلہ میں نمائندگی پر گورنر کسی کارروائی کے بغیر یادداشت کو کچرے دان کی نذر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یادگیر گٹہ اور کالیشورم میں مندروں کی تعمیر کے وہ خلاف نہیں ہے۔ تاہم چیف منسٹر کو جاننا چاہئے کہ حقیقی بھگوان غریبوں کے خاص ہوتا ہے ۔ لہذا انہیں غریبوں کی بھلائی پر توجہ دینی چاہئے۔ 25 دن گزرنے کے باوجود حکومت کی جانب سے کسی بھی وزیر یا قائد نے حاجی پور متاثرین سے اظہار ہمدردی نہیں کیا۔