عوام نے غرور و تکبر کو مسترد کردیا، پونالہ لکشمیا اور محمد علی شبیر کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 23۔ مئی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی نے تلنگانہ میں لوک سبھا نتائج کو چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت کے لئے ایک دھکا قرار دیا ۔ پارٹی کے سینئر قائدین پونالہ لکشمیا اور محمد علی شبیر نے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے رائے دہندوں نے کے سی آر کے غرور اور تکبر کو مسترد کردیا ہے۔ کے سی آر 16 نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کر رہے تھے لیکن عوام نے انہیں اہم نشستوں پر کانگریس کو کامیابی عطا کرتے ہوئے سبق سکھایا ہے ۔ پونالہ لکشمیا اور محمد علی شبیر نے پارٹی کے کامیاب امیدواروں اتم کمار ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں دھاندلیوں کے ذریعہ ٹی آر ایس نے جس طرح کامیابی حاصل کی تھی لوک سبھا چناؤ میں عوام نے ان کوششوں کو ناکام کردیا ہے ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ نتائج کے سی آر حکومت سے عوامی ناراضگی کا واضح ثبوت ہے ، اس کے علاوہ پارٹی پر ایک خاندان کی اجارہ داری سے ٹی آر ایس کے کیڈر میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران کے سی آر نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی اور لوک سبھا انتخابات میں رائے دہندوں کو بدلہ لینے کا موقع ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا نتائج سے سبق حاصل کرتے ہوئے کے سی آر کو اپنی غیر جمہوری سرگرمیاں ترک کرنی چاہئے ۔