نئی دہلی ؍ ممبئی ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سلمان خان کو ضمانت حاصل ہونے کا درپردہ تذکرہ کرتے ہوئے ایک رکن نے آج لوک سبھا میں کہا کہ اہم شخصیات کو فوری ضمانت حاصل ہوجاتی ہے جبکہ ہندوستان کی جیلوں میں 2 لاکھ 73 ہزار زیردریافت قیدی ہیں جو جیلوں میں سڑ رہے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ ان کے مسئلہ کی فوری یکسوئی کرے۔ کانگریس کے ایم جے شاہنواز نے کہا کہ ایک اہم شخصیت کو حال ہی میں فوری ضمانت پر رہا کیا گیا ہے حالانکہ تحت کی عدالت نے اسے مجرم قرار دیا تھا۔ ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب سلمان خان کے ایک مداح نے مبینہ طور پر بامبے ہائیکورٹ کے روبرو زہر پی کر خودکشی کرنے کی کوشش کی جہاں پر اداکار کی درخواست ضمانت میں 2002ء کے ہیٹ اینڈ رن مقدمہ میں زیرسماعت تھی۔ اس کو بیہوشی کے عالم میں ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ دریں اثناء ممبئی کی فلمی صنعت کے ممتاز افراد نے سلمان خان کو ممبئی ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہائی اور ان کو سنائی ہوئی سزاء پر حکم التوا کا خیرمقدم کرتے ہوئے اظہارمسرت کیا۔ ان شخصیتوں میں رشی کپور، امیشا پاٹل، گلوکار میکاسنگھ اور عدنان سمیع شامل ہیں۔ ساجد خان اور روہت رائے نے بھی ممبئی ہائیکورٹ کے فیصلہ پر خوشی ظاہر کی جبکہ سلمان خان کے مداحوں نے اس فیصلہ پر سلمان خان کی قیام گاہ کے روبرو جشن منایا۔