لوک سبھا میں آج تلنگانہ بل پر مباحث

نئی دہلی۔17فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) سیما آندھرا قائدین کے احتجاج اور منصوبوں سے قطع نظر حکومت تلنگانہ بل مباحث کیلئے کل لوک سبھا میں پیش کردے گی ۔ کانگریس اس کی تیاری کررہی ہے ۔ تین سطری وہپ تمام ارکان کیلئے جاری کردیا گیا ہے ۔ ان سے خواہش کی گئی ہے کہ پورا ہفتہ لوک سبھا میںحاضر رہیں اور حکومت کی کارروائی کی تائید میں ووٹ دیں ۔ پارٹی قائدین کا کہنا ہے کہ مطالبات زر کی ایوان میں منظوری کے بعد آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کا بل مرکز توجہ ہوگا ۔ کانگریس ہائی کمان سیما آندھرا قائدین کی سخت مخالفت سے بے پرواہ ہے ۔ 13فبروری کو بل لوک سبھا میں غیر معمولی شوروغل کے مناظر کے دوران پیش کردیا گیا تھا ۔ ایوان میں ہاتھاپائی کے مناظر بھی دیکھے گئے ۔ ایک رکن پارلیمنٹ نے مرچ کا اسپرے کیا جس کی وجہ سے تین ارکان پارلیمنٹ دواخانہ میں شریک کردیئے گئے ‘اس کے بعد 18ارکان پارلیمنٹ جن میں سے 15 سیما آندھرا کے تھے معطل کردیئے گئے ۔ پارٹی کے منتظمین بشمول مرکزی وزیر پارلیمانی اُمور اور وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے اس مسئلہ پر اپوزیشن قائدین سے تبادلہ خیال کیا ۔

بی جے پی نے تشکیل تلنگانہ کی تائید کا پیشکش کیا ہے۔ تاہم سیما آندھرا کے اندیشوں کے ازالہ کیلئے ترمیمات کی خواہش کی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ تلنگانہ بل کی لوک سبھا میں منظوری کے بعد اسے راجیہ سبھا روانہ کیا جائے گا ۔ اس کے باوجود ایوان بالا میں اس کی منظوری کیلئے مشکلات پیش آسکتی ہے ۔ ایک رکن کے بموجب اجلاس میں ایک یا دو دن کی توسیع ممکن ہے تاکہ پارلیمنٹ میں بل منظور کیا جائے ۔ دریں اثناء لوک سبھا میں آج ایسا منظر دیکھا گیا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم جب لوک سبھا میں عبوری بجٹ پیش کررہے تھے تو ان کے بعض ساتھی وزراء ایوان کے وسط میںجمع ہوکر علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے فیصلہ کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے ‘ تاہم چدمبرم اس سے متاثر نہیں ہوئے اور انہوں نے ایک گھنٹہ طویل بجٹ تقریر کا اختتام کیا جب کہ آندھراپردیش کے بعض کانگریسی ارکان بھی ترنمول کانگریس ‘ اناڈی ایم کے اور سماج وادی پارٹی کے ساتھ نعرہ بازی کررہے تھے ۔ مرکزی وزراء چرنجیوی ‘ ڈی پورندیشوری ‘ کے ایس راؤ ‘ کوٹلہ جئے سوریا پرکاش ریڈی اور دیگر کانگریس ارکان باپی راجو اور جی وی ہرشا کمار ایوان کے وسط میںجمع ہوکر متحدہ آندھراپردیش کے لئے نعرہ بازی کررہے تھے ۔ مرکزی وزیر ایم ایم پلم راجو اور دیگر کئی ارکان اپنی نشستوں سے اُٹھ کر کھڑے ہوگئے تھے ۔ مرکزی وزیر فینانس نے 11بجکر 10منٹ پر بجٹ پیش کرنا شروع کیا اور ارکان کی نعرہ بازی کے دوران اپنی تقریر ختم کی۔ چدمبرم نے ٹامل سنت ترولور کے اشعار پر اپنی تقریر ختم کی۔ سیما آندھرا علاقہ کے ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ اناڈی ایم کے ارکان بھی تقریر کے دوران نعرہ بازی کررہے تھے ۔