لوک سبھا میدک انتخاب کیلئے بائیں جماعتوں کی تائید پر ٹی آر ایس کا اظہار تشکر

مخالف تلنگانہ تائید کو بی جے پی ٹکٹ پر نکتہ چینی ، ٹی ہریش راؤ وزیر آبپاشی تلنگانہ کا بیان
حیدرآباد۔/4ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے میدک لوک سبھا حلقہ کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید کرنے پر بائیں بازو جماعتوں سے اظہار تشکر کیا ہے۔ سی پی آئی اور سی پی ایم نے میدک لوک سبھا حلقہ کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس امیدوار پربھاکر ریڈی کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ ہریش راؤ نے ان جماعتوں کی غیر مشروط تائید پر ان پارٹیوں کے قائدین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے انتخابی مہم میں مصروف ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ سی پی آئی اور سی پی ایم کارکنوں کے ساتھ مل کر انتخابی مہم چلائیں اور تینوں جماعتوں کے درمیان انتخابی مہم کے سلسلہ میں بہتر تال میل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی یقینی ہے اور کانگریس و بی جے پی امیدواروں کو رائے دہندے مسترد کردیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ 14برسوں تک تلنگانہ تحریک کی قیادت کرنے والی ٹی آر ایس کی قربانیوں سے عوام اچھی طرح واقف ہیں اور وہ مخالف تلنگانہ پارٹیوں اور قائدین کی ہرگز تائید نہیں کریں گے۔ ہریش راؤ نے بی جے پی کی جانب سے مخالف تلنگانہ قائد کو ٹکٹ دیئے جانے پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ عوام میں بی جے پی کے تعلق سے ناراضگی پیدا ہوچکی ہے۔ اسی دوران وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے دعویٰ کیا کہ ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس اپنی ضمانت بچانے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کے ساتھ رہ کر تلنگانہ کی مخالفت کرنے والے جگا ریڈی اور سنیتا لکشما ریڈی کو محبوب نگر کے عوام سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد میدک میں ایک انتخابی ریالی سے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ خطاب کریں گے۔ مختلف جماعتوں سے قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کا حوالہ دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کسی بھی پارٹی سے قائدین شریک ہوں تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی پالیسیوں سے متاثر ہوکر دیگر جماعتوں کے قائدین ٹی آر ایس کا رُخ کررہے ہیں۔