حیدرآباد، 10اپریل (یواین آئی )کل منعقد ہونے والی رائے دہی کے ضمن میں تلنگانہ پولیس نے پولنگ کے عمل کو پُرامن و شفاف انداز میں منعقد کرنے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ریاست بھر میں جملہ 34 ہزار 603 پولنگ اسٹیشنس قائم کئے گئے ہیں جن میں 2606 انتخابی مراکز کی حساس کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے ۔تاحال انتخابی خلاف ورزیوں سے متعلق 423 کیسس درج کئے گئے ہیں اور مختلف سیاسی لیڈران اور ورکرس کے خلاف شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جتندر نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں جملہ 55 ہزار 946 پولیس فورس کو تعینات کیا جارہا ہے جن میں 9 ہزار 700 فورسس کا دیگر ریاستوں سے تعلق ہے ۔