لوک سبھا انتخابات کے ساتھ تلنگانہ اسمبلی انتخابات

انتخابات نہ کرانے کی افواہیں مسترد، نئی ریاست کی یوم تاسیس کا کسی بھی وقت اعلان : الیکشن کمیشن

نئی دہلی 25 فروری (پی ٹی آئی) الیکشن کمیشن نے آج یہ واضح کردیا کہ تلنگانہ علاقہ کے بشمول آندھراپردیش میں اسمبلی انتخابات لوک سبھا انتخابات کے ساتھ منعقد ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے اسمبلی انتخابات سے متعلق متضاد اطلاعات کو مسترد کردیا۔ الیکشن کمیشن کے اعلیٰ سطحی ذرائع نے کہاکہ کمیشن کے قانون کے مطابق دستوری خط اعتماد کا تقاضہ یہ ہے کہ اسمبلی کے انتخابات کو وقت پر منعقد کیا جائے، جس کی میعاد یکم جون کو ختم ہورہی ہے۔ ذرائع نے کہاکہ اسمبلی انتخابات منعقد نہ ہونے سے متعلق ایسی رپورٹس کی کوئی سچائی نہیں ہے۔ اسمبلی انتخابات لوک سبھا کے ساتھ حسب نظام العمل منعقد ہوں گے۔ بعض اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ نئی ریاست تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات پارلیمنٹ انتخابات کے ساتھ نہیں ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے مزید بتایا کہ ہندوستان کی 29 ویں ریاست تلنگانہ میں تمام 117 حلقوں کیلئے رائے دہی ہوگی۔ اِس کے علاوہ آندھراپردیش میں بھی 175 حلقوں کیلئے یکساں پولنگ کی جائے گی۔

اِن علاقوں میں ریاست کی تقسیم سے متعلق جو کچھ حالات رونما ہوتے ہیں، اِس سے قطع نظر الیکشن کمیشن اپنا فریضہ پورا کرے گا۔ ذرائع نے کہاکہ مرکزی حکومت نے ریاست کی تقسیم اور نئی ریاست کے وجود میں آنے سے قبل اسمبلی اور کونسل کیلئے بیوروکریسی اور انفراسٹرکچر تیار کرنے کے بشمول ریاست کی انتظامی تقسیم سے متعلق پہلے سے ہی کافی تیاری کرلی ہے۔ اِس تیاری میں کیڈر، مالیہ، اثاثہ جات اور مصارف کی تقسیم بھی شامل ہے۔ مرکزی حکومت کے ذرائع نے یہ اشارہ دیا ہے کہ نئی ریاست تلنگانہ کیلئے یوم تاسیس کی تاریخ مرکزی حکومت ہی طے کرے گی اور اِس تاریخ کا کسی وقت اعلان ہوسکتا ہے۔ انتخابی عمل کے دوران بھی حکومت یوم تاسیس کی تاریخ کا اعلان کرنے کیلئے آزاد ہے، اِس کے لئے کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے۔ کمیشن کے ذرائع نے کہاکہ انتخابات کا انعقاد دستوری تقاضہ ہے چاہے وہ اسمبلی ہو یا لوک سبھا کیلئے پولنگ یقینی بنانا ہمارا فریضہ ہے۔ تلنگانہ میں 117 اسمبلی حلقے اور 17 لوک سبھا حلقے ہیں جبکہ آندھراپردیش میں 175 اسمبلی اور 25 لوک سبھا حلقے ہیں۔ اگر یوم تاسیس یکم جون قرار پاتی ہے تو نئی ریاست کی اسمبلی بھی اُسی دن تشکیل دی جاسکتی ہے کیونکہ انتخابات مئی کے آخری ہفتہ میں پورے ہوں گے۔