لوک سبھا انتخابات کے آٹھویں مرحلہ میں ریکارڈ رائے دہی

نئی دہلی ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کے اہم مرحلہ میں آج 64 لوک سبھا حلقوں میں ریکارڈ رائے دہی دیکھی گئی۔ رائے دہندوں نے 1,737 امیدواروں بشمول کانگریس نائب صدر راہول گاندھی، ان کے چچازاد بھائی ورون گاندھی، رام ولاس پاسوان اور رابڑی دیوی کی سیاسی قسمت کا فیصلہ بیالٹ باکسیس میں محفوظ کردیا ہے۔ بہار کے سیتامڑی ضلع میں پولنگ بوتھ پر قبضہ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پولیس نے فائرنگ کی جس میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ آٹھویں مرحلہ کی رائے دہی میں آج سب سے زیادہ 81.28 فیصد رائے دہی مغربی بنگال کی 6 نشستوں کیلئے ریکارڈ کی گئی۔ یہاں ترنمول کانگریس کا مقابلہ بایاں بازو محاذ سے ہے۔ سیما آندھرا میں 25 لوک سبھا نشستوں اور ساتھ ہی ساتھ 175 اسمبلی نشستوں کیلئے رائے دہی 76 فیصد رہی۔ بہار میں دو اہم سیاسی جماعتوں کے مابین مقابلہ ہورہا ہے

اور آج 7 حلقوں میں رائے دہی ہوئی۔ اسی طرح اترپردیش میں 15 نشستوں کیلئے رائے دہی ہوئی اور اس کا فیصد بالترتیب 58 اور 55.52 رہا۔ آج آٹھواں مرحلہ مکمل ہونے کے بعد 543 کے منجملہ 502 نشستوں کیلئے رائے دہی تکمیل کو پہنچی۔ مابقی 41 نشستوں کیلئے آخری مرحلہ کی رائے دہی 22 مئی کو مقرر ہے۔ امیتھی میں جہاں راہول گاندھی تیسری مرتبہ مقابلہ کررہے ہیں، 55.2 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ وہ 2004ء سے امیتھی کی نمائندگی کررہے ہیں لیکن پہلی مرتبہ سخت مقابلہ کی وجہ سے انہیں رائے دہی کے دن امیتھی کے پولنگ بوتھس کا دورہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ راہول گاندھی کو بی جے پی کی سمرتی ایرانی اور عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس سے مقابلہ ہے۔ پڑوسی سلطان پور حلقہ میں جہاں راہول کے بھائی بی جے پی امیدوار ورون گاندھی مقابلہ میں ہیں، 57.2 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ رائلسیما کے اضلاع میں وائی ایس آر کانگریس اور تلگودیشم کارکنوں کے مابین جھڑپوں کے چند واقعات کے ماسواء رائے دہی پرامن رہی۔

بہار میں 118 امیدوار میدان میں ہیں جن میں قابل ذکر ایل جے پی سربراہ رام ولاس پاسوان حاجی پور اور سابق چیف منسٹر بہار رابڑی دیوی سرن سے مقابلہ کررہے ہیں۔ مغربی بنگال میں 6 نشستوں کے لئے آج رائے دہی ہوئی۔ گذشتہ 2009ء انتخابات میں ان تمام نشستوں پر بائیں بازو محاذ نے کامیابی حاصل کی تھی اور اب ترنمول کانگریس ان نشستوں پر کامیابی کی خواہاں ہے۔ یہاں سی پی آئی ایم کے 9 مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہنے والے باسودیب اچاریہ کو اداکارہ مون مون سین سے مقابلہ ہے جو ترنمول کانگریس امیدوار ہیں۔ بہار میں لوک سبھا حلقہ سرن اور حاجی پور میں فی کس 56 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ جموں و کشمیر میں دو نشستوں پر رائے دہی ہوئی اور یہ تقریباً 50 فیصد رہی۔ بارہمولہ لوک سبھا حلقہ میں جہاں کل اچانک تشدد کے واقعات پیش آئے تھے اور علحدگی پسندوں نے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، 39.6 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔