حیدرآباد۔11 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئرقائد اور سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات ملک کے مستقبل کو نئی راہ دکھائیں گے۔ عوام نے کانگریس پارٹی کو برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کیا ہے اور ملک بھر میں راہول گاندھی کی لہر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں نریندر مودی حکومت کی کارکردگی سے عوام مایوس ہوچکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جاریہ انتخابات ملک کی تاریخ کے اہم ترین اور ملک کی سیاست میں اہم موڑ ثابت ہوں گے۔ ملک میں جمہوریت اور سکیولرازم کے تحفظ کی ذمہ داری عوام پر ہے اور انہوں نے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ صرف کانگریس پارٹی ہی تمام مذاہب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے رائے دہندوں کو چاہئے کہ وہ کافی غور و خوض کے بعد اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ نریندر مودی حکومت نے عوام سے جو وعدے کیئے تھے ان سے انحراف کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ ظہیرآباد لوک سبھا حلقے میں کانگریس امیدوار مدن موہن رائو کی کامیابی یقینی ہے۔ کیوں کہ وہ مقامی شخصیت ہیں اور سماجی خدمات کا طویل ریکارڈ رکھتے ہیں۔