لوک سبھا انتخابات : ساتویں مرحلے کی انتخابی مہم ختم ، کل پولنگ

نئی دہلی ۔ 28 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کئی بڑے قائدین جیسے سونیا گاندھی ، نریندر مودی ، ایل کے اڈوانی اور راجناتھ سنگھ کی انتخابی قسمت کا فیصلہ 30 اپریل کو لوک سبھا الیکشن کے ساتویں مرحلے میں 89 نشستوں پر رائے دہی میں طئے ہوجائے گا ، جہاں نہایت گرما گرم انتخابی مہم آج اختتام پذیر ہوئی جس میں قائدین نے ایک دوسرے پر کینہ پرور شخصی حملے بھی کئے ۔ 9 مرحلہ والے انتخابات کے ساتویں دور میں 7 ریاستوں کے حلقوں کا احاطہ ہورہا ہے جن میں گجرات (26)، تلنگانہ (17) اور پنجاب (13) کی تمام نشستیں اور دو مرکزی زیرانتظام علاقوں کی سیٹیں شامل ہیں جن کے لئے زائد از ایک ہزار امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ سونیا گاندھی کا رائے بریلی حلقہ جہاں پرینکا گاندھی نے اپنی ماں کی طرف سے زبردست مہم چلائی ، مودی کا وڈوڈرا حلقہ ، گاندھی نگر جہاں اڈوانی چناؤ لڑ رہے ہیں اور راج ناتھ سنگھ کی لکھنو نشست اُن حلقوں میں شامل ہیں جہاں چہارشنبہ کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ انتخابی میدان میں شامل دیگر نمایاں قائدین مرکزی وزیر فاروق عبداﷲ (حلقہ سرینگر) ، بی جے پی کے مرلی منوہر جوشی اور مرکزی وزیر کوئلہ سری پرکاش جیسوال (کانپور) نیز صدر جے ڈی (یو ) شرد یادو (مادھے پورہ ) ہیں ۔ اوما بھارتی اور مـرکزی وزیر پردیپ جین ادتیہ حلقہ جھانسی سے انتخاب لڑ رہے ہیں ، مرکزی وزیر جتین پرساد اور نیشنل ایس سی کمیشن کے چیرمین پی ایل پنیا حلقہ بارہ بنکی سے امیدوار ہیں۔ مودی نے بی جے پی مہم کی بڑی جدت اور شدت پسندی کے ساتھ قیادت کرتے ہوئے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو ترقی ، کرپشن کے مسئلے پر نشا نہ بنایا اور اُن کے داماد رابرٹ وڈرا کی اراضی معاملتوں کا مسئلہ بھی چھیڑا ۔ کانگریس کی جارحانہ مہم کی قیادت سونیا گاندھی اور راہول نے کی اور مودی و بی جے پی کو انتشارپسند اور فرقہ ورانہ سیاست چلانے کا مورد الزام ٹھہرایا ، جو ہندوستان کے بنیادی نظریہ کے مغائر ہے۔ راہول نے مودی کے اڈانی گروپ کے ساتھ مبینہ روابط کا مسئلہ اُچھالا جبکہ پرینکا نے امیتھی اور رائے بریلی میں مہم چلاتے ہوئے بی جے پی کو اپنے شوہر کو نشانہ بنانے پر ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ یہ پارٹی حیران و پریشان چوہوں کی مانند واویلا کررہی ہے ۔ 89 لوک سبھا حلقہ جہاں پولنگ ہونی ہے اُن میں اترپردیش کے 11 ، بہار کے 7 ، مغربی بنگال کے 9 اور جموںو کشمیر ، دادارہ و نگر حویلی اور دمن و دیو کی ایک ، ایک نشست شامل ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے اس مرحلے میں 24 حلقوں میں امیدوار اتارے ہیں۔