بنگلور ۔ /15 جون (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں کانگریس ۔ جے ڈی (ایس) حکومت کی بقاء کے بارے میں ابھرتے سوالوں کے درمیان چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج کہا کہ 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات کے مکمل ہونے تک ’’کوئی مجھے چھو بھی نہیں سکتا ‘‘ ۔ کمارا سوامی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ مخلوط حکومت استحکام کے ساتھ کام کرتی رہے گی ۔ میں جانتا ہوں کہ ایک سال تک مجھے کوئی چھو بھی نہیں سکتا ۔ کم سے کم ایک سال تک ہم یہاں (چیف منسٹر کے عہدہ پر)رہیںگے ۔ جب لوک سبھا انتخابات مکمل ہوجائیں۔ اُس وقت تک کوئی مجھے کچھ نہیں کرسکتا ‘‘ ۔ کمارا سوامی نے کہا کہ اس مدت کے دوران وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ ریاست کے فائدے کے لئے فیصلے کرتے رہیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ وقت ضائع نہیں کریں گے بلکہ کام میں منہمک ہوجائیں گے ۔
کیونکہ یہ نہایت اہم ہے کہ ریاست (کرناٹک ) تمام شعبوں میں ترقی کرے ۔