لوک سبھا انتخابات ‘ آج ساتویں و آخری مرحلہ کی رائے دہی

نئی دہلی 18 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں لوک سبھا انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلہ میں کل اتوار 19 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ حالیہ تاریخ میں سب سے زیادہ شدت سے لڑے گئے انتخابات میں رائے دہی کا عمل کل مکمل ہوجائیگا جب 59 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ ان میں وارناسی حلقہ بھی شامل ہے جہاں سے وزیر اعظم نریندرمودی دوبارہ مقابلہ کر رہے ہیں۔ رائے دہی پنجاب کی 13 نشستوں کیلئے اور اترپردیش کی 13 نشستوں کیلئے ہوگی ۔ اس کے علاوہ مغربی بنگال کی نو ‘ بہار اور مدھیہ پردیش کی فی کس آٹھ ‘ ہماچل پردیش کی چار ‘ جھارکھنڈ کی تین اور چندی گڑھ کی واحد نشست کیلئے بھی کل ہی ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ زائد از 10.01 کروڑ رائے دہندے 918 امیدواروں کی سیاست قسمت کا فیصلہ کرینگے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے پرسکون انعقاد کیلئے 1.12 لاکھ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ اتوار کو پاناجی میں ضمنی انتخاب بھی ہوگا جو سابق چیف منسٹر منوہر پریکر کے انتقال کی وجہ سے ضروری ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ ٹاملناڈو کے چار اسمبلی حلقوں سولور ‘ اراواکورچی ‘ اوٹا پیدارم اور تھروپراناکندرم حلقوں کیلئے بھی ضمنی انتخاب ہوگا ۔ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوگی ۔ گذشتہ چھ مراحل میں ملک بھر میں جملہ 66.88 فیصد رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے ۔ انتخابی عمل جملہ 38 دن پر محیط رہا ہے ۔ اترپردیش میں زیادہ تر توجہ وارناسی حلقہ پر مرکوز رہیں گی جہاں نریندر مودی کے علاوہ 25 دیگر امیدوار میدان میں ہیں۔ مودی کا مقابلہ کانگریس کے اجئے رائے اور ایس بی ۔ بی ایس پی اتحاد کی امیدوار شالینی یادو سے ہوگا ۔ مرکزی وزیر منوج سنہا ‘ یو پی بی جے پی کے صدر مہیندر ناتھ پانڈے غازی پور اور چنڈولی سے دوبارہ مقابلہ کر ہرے ہیں۔ پٹنہ سے کانگریس کے شتروگھن سنہا بھی میدان میں ہیں ۔