لوک سبھا اسپیکر سمترامہاجن سے وائی ایس آر کانگریس ایم پیز کی 29مئی کو ملاقات

حیدرآباد22مئی(سیاست ڈاٹ کام )آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کادرجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاست کی اصل اپوزیشن جماعت وائی ایس آر کا نگریس کے مستعفی ارکان لوک سبھا 29مئی کو اسپیکر لوک سبھا سمتر امہاجن سے ملاقات کریں گے ۔ان ارکان پارلیمنٹ نے ریاست کو خصوصی درجہ وعدہ کے مطابق دینے او ر متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے موقع پر آندھراپردیش تنظیم نو قانون میں ریاست سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں مرکزی حکومت کی ناکامی کے خلاف بطور احتجاج اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔اس ملاقات میں ان کے استعفوں کے مسئلہ پر سمترا مہاجن سے بات چیت کی جائے گی۔استعفوں پر فیصلہ کی وائی ایس آرکانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے اسپیکر سے خواہش کی تھی تاہم اس مسئلہ پر شخصی طور پر ملاقات کرنے کی ہدایت کے ساتھ اسپیکر کے دفتر سے ان مستعفی ارکان پارلیمنٹ کو مکتوب موصول ہوا ہے ۔29مئی کو پانچ تا چھ بجے کے درمیان اسپیکر سے ان ارکان پارلیمنٹ کی ملاقات ہوسکتی ہے جس میں ان ارکان کے استعفوں کے مسئلہ پر اسپیکر فیصلہ کرسکتی ہیں۔ان ارکان پارلیمنٹ نے اسپیکر کو قبل ازیں مکتو ب تحریر کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ وہ اس مسئلہ پر کبھی بھی ان سے ملاقات کے لئے تیار ہیں جس کے بعد اسپیکر کے دفتر سے ان کو ایک اطلاع ملی تھی جس میں ہدایت دی گئی تھی کہ وہ یکم جون کو سمترا مہاجن سے ملاقات کریں ۔اسپیکر کے دفتر سے اس ماہ کی 19تاریخ کو انہیں یہ مکتوب ملا تھا تاہم اب اس ملاقات کی وقت میں معمولی رد وبدل کیا گیا اور29مئی کو شخصی طورپرملاقات کی ہدایت دفتر اسپیکر سے ملی ہے ۔