لوکیش نائیڈو کی کل امریکہ روانگی

حیدرآباد 5 جنوری (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرابابو نائیڈو کے حرکیاتی فرزند و نوجوان قائد تلگودیشم پارٹی مسٹر لوکیش نائیڈو توقع ہے کہ 7 جنوری کو امریکہ کے دورہ پر روانہ ہورہے ہیں۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ آئندہ منعقد ہونے والے انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے غیر مقیم ہندوستانیوں کے تعاون و مدد حاصل کرنے کی حکمت عملی کے ساتھ ہی وہ (لوکیش نائیڈو) امریکہ کے دورہ پر روانہ ہورہے ہیں۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکہ میں مقیم کئی اہم شخصیتوں نے صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرابابو نائیڈو کو امریکہ آنے کیلئے مدعو کرچکے ہیں لیکن ریاست کے موجودہ حالات کے پیش نظر مسٹر چندرابابو نائیڈو امریکہ کے دورہ پر روانہ ہونے سے گریز کرتے ہوئے لوکیش نائیڈو کو روانہ کرنے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں

اور موجودہ حالات میں لوکیش کے دورہ امریکہ کو سیاسی حلقوں میں کافی اہمیت دی جارہی ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق آئندہ انتخابات میں پارٹی کو اپنی مکمل طور پر مالی امداد فراہم کرنے کا کئی غیر مقیم ہندوستانی افراد ارادہ رکھتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر حلقہ جات کی اساس پر کام کرنے کیلئے تیار رہنے کا اظہار کررہے ہیں۔ اسی ذرائع کے مطابق لوکیش نائیڈو سابق میں چونکہ امریکہ میں مقیم رہنے کے دوران بھی ریاست سے تعلق رکھنے والے امریکہ میں رہنے والے غیر مقیم ہندوستانیوں سے بہتر تعلقات برقرار رکھے ہوئے تھے لہذا مسٹر چندرابابو نائیڈو اپنے فرزند کو ہی (عین آئندہ انتخابات سے قبل) امریکہ کے دورہ پر روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔