مکہ مسجد میں مصلیوں سے ملاقات ، لاڈ بازار میں شاپنگ اور حلیم طعامی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی : ( مبشر الدین خرم ) : آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش نے آج اپنی شریک حیات این براہمنی کے ساتھ لاڈ بازار تا شاہ علی بنڈہ پیدل گھومتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران اس علاقہ کی چمک دمک دیکھا اور بالخصوص تاریخی مکہ مسجد پہونچ کر مصلیوں سے بات چیت کی اور ماہ صیام کی مبارکباد دیتے ہوئے دعاء کی خواہش کی ۔ نارا لوکیش نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خالصتاً نان ویج ہیں اور حیدرآبادی غذائیں بے انتہا پسند کرتے ہیں بالخصوص حیدرآبادی بریانی ، حلیم اور میٹھے نہیں چھوڑتے ۔ اس طرح رمضان میں اکثر حلیم کھایا کرتے ہیں ۔ چنانچہ آج دورہ چارمینار کے موقع پر انہوں نے اصل حیدرآبادی حلیم کا مزہ اٹھایا ۔ نارا لوکیش نے کہا کہ پرانا شہر حیدرآباد سے ان کا گہرا تعلق ہے ۔ بچپن میں چارمینار دیکھا تھا اور لاڈ بازار سے اکثر شاپنگ کی جاتی تھی ۔ براہمنی کے ساتھ ان کی شادی کی شاپنگ بھی لاڈ بازار میں کی گئی ۔ یہاں کے ملبوسات چوڑیاں اور دیگر ساز و سامان کہیں اور نہیں ملتا ۔ نارا لوکیش نے رمضان شاپنگ کے ضمن میں لاڈ بازار اور تاریخی چارمینار کے دامن میں شاپنگ اور عوام کی گہما گہمی کو اس تاریخی شہر کی عظیم روایات و تہذیب کا حصہ قرار دیا اور اس ورثہ کی برقراری پر خوشی کا اظہار کیا ۔۔