لوٹنے والوں کو چن چن کر صاف کررہے ہیں یوپی کے عوام:مودی

مہاراج گنج، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ریاستی اسمبلی الیکشن میں اترپردیش کے عوام 15سال کا بدلہ نکال رہے ہیں اور صوبے کو لوٹنے والوں کو چن چن کر صاف کرنے میں لگے ہیں۔مودی نے آج یہاں وجے شنکھناد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش کے عوام 15 سال کا بدلہ لے رہے ہیں۔ اس الیکشن میں انہوں نے 15سال تک ریاست کو لوٹنے والوں کو چن چن کر صاف کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔ میں ملک بھر میں صفائی ستھرائی مہم چلا رہا ہوں لیکن اترپردیش نے سیاست سے گندگی ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کو حمایت دینے کیلئے شکریہ اداکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پانچویں مرحلے کا لوگوں نے حساب لگالیا ہے اب بچنے کی کوشش بیکار ہے ۔