لون اسکیم کے لیے سینکڑوں نوجوان پریشان حال

دستاویزات کی تیاری پر ہزاروں کا خرچ ، رعایت پیدا کرنے حکومت سے اپیل
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : جناب شیخ عبدالمکرم تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری گریٹر سنگم ویلفیر اسوسی ایشن حیدرآباد نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتوں کو قرض ( لون ) کی اسکیم جو متعارف کی گئی ہے اس کو قابل ستائش قرار دیا ہے ۔ لیکن دوسری طرف سینکڑوں نوجوان اسکیم سے استفادہ کے لیے ادھر ادھر پھرنے پر مجبور ہیں ۔ حصول درخواست کے لیے آسانی کے بجائے کئی مشکلات کا سامنا ہے ۔ بینکس ، ایم آر او آفس کے چکر اور حصول کوٹیشن کی تیاری کے لیے نوجوان پرمالی بوجھ بڑھ گیا ہے ۔ بیشتر نوجوان بے روزگار ہیں اور وہ حکومت کی قرض اسکیم سے استفادہ کے لیے قرض حاصل کرنے کے لیے مجبور ہورہے ہیں ۔ ایسے میں چیف منسٹر سے خواہش ہے کہ وہ سفید راشن کارڈ ، آدھار کارڈ کے علاوہ دیگر دستاویزات کی بنیاد پر درخواست کو قبول کرنے کے احکامات جاری کریں ۔ حکومت کے اس طرح کے اقدام سے سینکڑوں نوجوانوں کو راحت ملے گی اور وہ خانگی قرض حاصل کرنے سے بچ جائیں گے ۔ دکاندار ہزاروں روپیوں کے عوض کوٹیشن جاری کررہے ہیں جس کی وجہ سے لاکھوں افراد پریشان حال ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر اس پر توجہ دیں گے اور ماتحت عہدیداروں کو مناسب ہدایت جاری کریں تو راحت کا باعث بنے گا ۔۔