لنگر حوض میں شرمناک واقعہ مدرسہ کے 12 سالہ طالب علم کا جنسی استحصال کے بعد قتل

حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) لنگرحوض آندھرا فلور ملز میں پیش آئے ایک شرمناک واقعہ میں مدرسہ کے کمسن طالب علم کا جنسی استحصال کے بعد بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب 12 سالہ سید اسلم ولد سید افروز (آٹو ڈرائیور) ساکن اندرا نگر جو لنگرحوض علاقہ کے ایک مدرسہ کا طالب علم تھا۔ آج صبح وہ مدرسہ جاکر مکان واپس نہیں لوٹا۔ تشویش کا شکار والدین نے مدرسہ پہونچ کر اپنے بچے کی تفصیلات حاصل کی جس پر یہ معلوم ہوا کہ وہ گزشتہ دو دن سے مدرسہ سے غیر حاضر ہے۔ اِس بات کا پتہ چلنے پر والد نے پریشان ہوکر بیٹے کی تلاش شروع کردی تھی کہ اسی دوران پولیس لنگرحوض کو اطلاع ملی کہ لنگرحوض آندھرا فلور ملز احاطہ میں اسٹور روم میںکم عمر لڑکے کی نیم برہنہ نعش موجود ہے۔ اِس بات کا پتہ چلنے پر اے سی پی آصف نگر کے اشوک چکرورتی نے مقام واردات پہونچ کر ڈاگ اسکواڈ اور کلوز ٹیم کو طلب کرلیا۔ موقع واردات سے بعض شواہد بھی اکٹھا کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد اسلم آج صبح اپنے مکان سے مدرسہ کیلئے روانہ ہوا تھا جہاں سے اُس کا اغواء کرکے آندھرا فلور ملز احاطہ میں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا بعدازاں اُس کے سر پر وزنی پتھر ڈالنے کے علاوہ اُس کا پائپ سے گلا گھونٹ دیا گیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ محمد اسلم کے جسم پر صرف کرتا موجود تھا جبکہ آج صبح پہنا ہوا جینز پائنٹ غائب ہے۔ پولیس لنگرحوض نے اِس سلسلہ میں تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے لڑکے کے والد سے بات چیت کی اور اُس کے پڑوسیوں اور دوستوں سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران محمد اسلم کے ایک پڑوسی کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لے لیا اور اُس سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ جنسی ہراسانی کے بعد معصوم طالب علم کا قتل کردیا گیا۔ پولیس لنگرحوض نے اِس ضمن میں قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا اور نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔