لندن ۔ /27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک زبردست آگ ایک مسجد کے احاطہ میں بھڑک اٹھی جو مغربی یوروپ کی سب سے بڑی مسجد سمجھی جاتی ہے ۔ پولیس نے آتشزنی کے الزام میں دو کمسن لڑکوں کو جن کی عمریں 14 اور 16 سال ہیں ۔ بیت الفطور مسجد مارڈن کو آگ لگانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے ۔ مسجد کی آگ بجھانے کیلئے 70 ارکان آتش فرو عملہ طلب کیا گیا ۔ ایک شخص جو دھنواں اپنے پھیپھڑوں میں پہونچانے کی وجہ سے بیمار ہوگیا تھا دواخانہ میں شریک کرلیا گیا ۔ باقی 30 افراد اس وقت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے جبکہ لوگوں نے آگ بھڑکتی دیکھ کر شوروغل کیا تھا ۔ احمدیہ فرقہ برطانیہ کے قومی صدر رفیق حیات نے کہا کہ خدا کے فضل و کرم سے مسجد محفوظ ہے ۔ متاثر نہیں ہوئی ۔ کوئی بھی شخص ہلاک نہیں ہوا اور نہ کوئی شدید زخمی ہوا ۔ آگ عمارت کے سامنے کے حصے میں صرف ایک ہال تک محدود تھی جسے آسانی سے بجھالیا گیا ۔
مسجد سے متصل چند دفاتر ہیں لیکن انہیں کوئی نقصان نہیں پہونچا ۔ انہوں نے مقامی برادری اور قائدین سے ان کی مدد کیلئے اظہار تشکر کیا ہے ۔