لندن ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون آج اپنے جنوب مشرقی ایشیاء کے دورہ کے دوران لندن کی جائیدادوں میں ناپاک دولت کے استعمال کے موضوع پر لکچر دینے والے ہیں۔ کنزرویٹیو پارٹی قائد لندن میں املاک کی خریداری میں شفافیت میں اضافہ کے خواہاں ہیں، کیونکہ برطانیہ میں جائیدادوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کیلئے بدعنوانیوں سے حاصل کی گئی دولت کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں خصوصی طور پر لندن میں بڑی بڑی املاک کی خریداری ’’بے نامی‘‘ کے زمرہ میں آئی ہے، جنہیں ایسی کمپنیوں کی جانب سے خریدا جارہا ہے جو نامعلوم ہیں اور کہیں کہیں غیرقانونی طور پر منتقل کی گئی بڑی بڑی رقومات بھی مشغول کی گئی ہیں۔ لہٰذا میں چاہتا ہوں کہ دنیا میں سرمایہ کاری کیلئے برطانیہ ایک شفاف ترین ملک کی حیثیت سے سامنے آئے اور جو بھی سرمایہ کاری کی جاتی ہے وہ بدعنوانیوں سے پاک ہو۔ جاریہ سال موسم خزاں میں برطانیہ میں پہلی بار بیرونی کمپنیوں کی رجسٹرڈ املاک کے بارے میں تمام تفصیلات شائع کی جائیں گی۔