لندن کو دہشت گرد حملے سے محفوظ بنانے کا عزم

سکیورٹی حکمت عملی کا جائزہ لینے کیلئے میئر صادق خاں کی ہدایت
لندن ۔ 28 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) لندن کے نومنتخب میئر صادق خاں نے اس شہر کی سکیورٹی حکمت عملی کا فی الفور جائزہ لینے کا حکم دیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ یہ شہر کسی بڑے دہشت گرد حملے سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار و چوکس ہے ۔ رواں مہینہ کے اوائل میں فقیدالمثال اکثریت سے فتح حاصل کرنے والے لندن کے پہلے مسلم میئر صادق خاں نے میٹرو پولیٹن پولیس اتھاریٹی کے سابق سربراہ لارڈ پیریس کا گزشتہ روز اس مقصد کیلئے تقرر کیا جو کسی بڑے حملے سے نمٹنے شہر کی صلاحیت کا تجزیہ کریں گے ۔ صادق خاں نے کہا کہ ’’لندن والوں کو حفاظت سے بڑھ کر اورکوئی چیز زیادہ اہم نہیں ہے ‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ ’’میں اس بات کی دوبارہ یقین دہانی کرنا چاہتا ہوں کہ ہر فرد اور ہر ادارہ ہمارے شہر کی حفاظت میں شامل ہے اور لندن پر کسی ناگہانی حملہ کی صورت میں حالات سے نمٹنے کیلئے اس شہر کے پاس تمام درکار مہارت اور وسائل دستیاب ہیں‘‘ ۔ لارڈ پیریس جو قومی سلامتی حکمت عملی سے متعلق شہری کمیٹی کے رکن بھی ہیں آئندہ چند ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کریں گے ۔ صادق خاں نے کہاکہ ’’یہ بالکل واضح ہے کہ دہشت گرد لندن پر حملہ کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے پیرس پر حملہ کیا۔ انھوں نے بروسلز پر حملہ کیا اور ماضی میں کئی مرتبہ لندن پر حملوں کی کوشش کی تھی ۔ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہم مسلسل چوکس ہیں ۔ میں نے لارڈ پیریس سے کہا کہ بعجلت ممکنہ ایک آزادانہ جائزہ لیں اور مجھے یقین دہانی کریں کہ خدانخواستہ کسی بڑے دہشت گرد حملے کی صورت میں ہمارا شہر کسی بھی ناگہانی سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے ‘‘۔