سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، برطانیہ اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کی شرکت
لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن کے حوالے سے چار فریقی کمیٹی کا ایک اجلاس لندن میں منعقد ہوا، جس میں سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر، متحدہ عرب امارات کے خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زائد النہیان، برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ اور مشرق وسطیٰ سے متعلق امور کے لیے امریکی وزیر خارجہ کے معاون ڈیوڈ سیٹر فیلڈ نے شرکت کی۔ سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جمعہ کی شام ہونے والے اجلاس میں تازہ یمنی صورت حال اور یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس کی کوششوں کی حمایت کرنے پر بات چیت ہوئی۔ علاوہ ازیں جمعہ کے روز یمنی حکومت کی وفادار فوج اور اس کی حمایت میں لڑنے والی عرب اتحادی فوج کی بمباری میں 70 حوثی باغی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ عرب ٹی وی کے مطابق شمالی صوبے الضالع میں مریس کے مقام پر یمنی فوج کی ایک کارروائی میں 30 حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب عرب اتحاد کی بمباری اور تھرمل میزائلوں سے یعس کے مقام پر حوثیوں کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 40 حوثی مارے گئے اور درجنوں زخمی ہوئے۔ بمباری میں باغیوں کی کئی گاڑیاں اور اسلحہ بھی تباہ ہوگیا۔ اْدھر یمن میں حوثی باغیوں کی طرف سے شہری آبادی کو گولہ باری سے نشانہ بنانے اور اقوام متحدہ کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ کے روز حوثی باغیوں نے جنوبی الحدیدہ میں شہری آبادی پر مشین گنوں سے فائرنگ کی۔