لندن ۔29جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی نژاد خاتون ایسے جڑواں بچوں کو جنم دینے والی پہلی ماں بن گئی ہے جن بچوں کو رحم مادر میں زندگی بچانے والے ڈیجیٹل گروتھ چارٹ کے ذریعہ زیرنگرانی رکھا گیا تھا ۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ہندوستانی نژاد خاتون مالا وبست دھوری نے کیان اور کُش نامی دو جڑواں بیٹوں کو جنم دیا جن کے وزن بالترتیب 2 کیلو اور 2.1 کیلو تھے ۔ یہ بچے سیزیرین آپریشن کے ذریعہ جنوبی لندن کے سینٹ جارج ہاسپٹل میں پیدا ہوئے تھے ۔ اس موقع پر 37 سالہ ماں نے کہا کہ وہ جڑواں بچوں کی پیدائش پر بیحد خوش ہے ۔ ڈاکٹرس نے قبل ازیں رحم مادر میں بچوں کی نشوونما کیلئے ایک خصوصی ڈیجیٹل چارٹ تیار کیا تھا اور اُسی کے مطابق بچوں کی پیدائش تک اُن کو زیرنگرانی رکھا تھا۔ بچوں کی ماں نے اس موقع پر سینٹ جارج ہاسپٹل کے ڈاکٹرس کاشکریہ ادا کیا کہ انھوں نے بحفاظت اُس کے دونوں بچوں کو اس دنیا میں آنکھیں کھولنے کا موقع دیا۔