بچو! موم کا عجائب خانہ پوری دنیا میں بہت مشہور ہے۔ یہ لندن میں واقع ہے اور اس کی بہت سی برانچس دنیا کے دوسرے بڑے شہروں نیویارک، واشنگٹن، ہانگ کانگ، ایمسٹرڈم، شنگھائی اور لاس ویگاس میں بھی ہیں۔ یہ میوزیم سب سے پہلے مومی مجسمے بنانے والی ایک خاتون ’’ میری تساؤ ‘‘ نے بنایا اور ان ہی کے نام پر اس میوزیم کا نام ’’ مادام تساؤ میوزیم ‘‘ رکھا گیا۔
مادام تساؤ فرانس میں پیدا ہوئیں اور سب سے پہلا مومی مجسمہ 1777ء میں بنایا، بعد میں وہ لندن آئیں اور 1835ء میں انہوں نے لندن کی بیکر اسٹریٹ پر اپنا پہلا میوزیم بنایا۔ میری تساؤ نے اپنا مجسمہ بھی بنایا جو میوزیم کے دروازے کے پاس رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے دنیا بھر کے مشہور لوگوں کے مومی مجسمے بنائے جن میں کئی ملکوں کے بادشاہ، سیاستدان، اداکار، گلوکار، کھلاڑی، بزنس مین اور دیگر مشہور لوگ شامل ہیں۔ ٹیلی فون ایجاد کرنے والے الیگزینڈر گراہم بیل، مشہور مصور پیکاسو، برطانیہ کی شہزادی ڈیانا، مشہور باکسر محمد علی اور دوسرے بہت سے لوگوں کے مجسمے اس عجائب خانے میں رکھے گئے ہیں۔ مادام میری تساؤ 1850ء میں انتقال کرگئیں اور اب یہ میوزیم مختلف کمپنیاں کرائے پر لے کر چلاتی ہیں۔ لندن میں گھومنے پھرنے کیلئے آنے والے لوگ اس میوزیم کو دیکھنے ضرور جاتے ہیں۔