لندن میں مسلمانوں کے خلاف خاتون کے نسلی فقرے

لندن۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں نمازِ عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعد واپس ہونے والے مسلمانوں پر ایک خاتون نے نسلی فقرے کسے۔ پولیس نے بتایا کہ مسلمان، نماز عید کے بعد واپس ہورہے تھے کہ ایک 43 سالہ گنجی خاتون سرخ کار سے نیچے اُتری اور اس نے مسلمانوں کے خلاف نسلی فقرے کسنے شروع کردیئے۔ ویسٹ یارک شائر پولیس نے کہا کہ ایشیائی مسلمانوں کا یہ گروپ ، ڈیوزبری قبرستان کے قریب سے گذر رہا تھا کہ یہ واقعہ پیش آیا، تاہم پولیس نے اس گروپ کی قومیت کے بارے میں نشاندہی نہیں کی۔اس واقعہ کی فلمبندی کی گئی ہے جس میں خاتون کو جارحانہ انداز میں مسلم گروپ کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا۔ پولیس ، واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے اور عینی شاہدین سے بھی مدد کی خواہش کی گئی ہے۔مقامی میڈیا کی اطلاع کے مطابق یہ مسلمان نماز عید کی ادائیگی کے بعد قبرستان میں اپنے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کے بعد واپس ہورہے تھے۔