لندن میں زیر زمین ٹرین سرویس بحال

لندن۔ 8 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹکٹ آفس کی بندش کے خلاف 48 گھنٹے کی ہڑتال کے بعد لندن انڈر گرائونڈ سروسز معمول پر آنا شروع ہوگئی ہیں جبکہ ہڑتال کاسبب بننے والے سنگین تنازع کوطے کرنے کیلئے دوبارہ مذاکرات شروع کئے جارہے ہیں،آر ایم ٹی اور ٹی ایس ایس اے یونینوں کے ارکان کاواک آئوٹ گزشتہ رات 9 بجے ختم ہوگیاتھا لیکن اگر مذاکرات میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا تو اگلے منگل سے مزید 48 گھنٹے کی ہڑتال کامنصوبہ ہے۔مذاکرات کیلئے یونین کے عہدیدارتنازعہ ختم کرانے میں سابقہ مذاکرات کی ناکامی کے بعد اب لندن انڈر گرائونڈ سے مصالحتی سروس اکاس کی زیر قیادت ملاقات کریں گے۔ لندن انڈر گرائونڈ کے مطابق چہارشنبہ کے مقابلے میں اب زیادہ ٹرینیں زیادہ علاقوں اور اسٹیشنوں کو روانہ ہوئیں لیکن مسافروں کو اب بھی ٹیوب سروسز میں گڑبڑ کاسامنا ہے اوربس اسٹاپس اور سڑکوں پر لوگوں کی لمبی قطاریں نظر آرہی ہیں اگرچہ بارش اور تیز ہوائوں کی وجہ سے بہت سے لوگ گھروں سے ہی کام کررہے ہیں دوسرے دن بھی برکلے میں بائیسکل کرائے پر فراہم کرنے کی اسکیم میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔

لندن انڈرگرائونڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مائیک برائون نے یونین عہدیداروں سے اجلاس میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے مسافروں کی جانب سے تحمل کے اظہار پر ان کاشکریہ ادا کیا ہے۔ جبکہ دوسری جانب یونین کے رہنما لندن کے میئر بورس جانسن سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ ٹکٹ آفسوں کی بندش کے مسئلے پر جس کی وجہ سے 950 افراد ملازمت سے محروم ہوجائیں گے ان سے ملاقات کریں۔