لندن میں رمضان کی رونق قابل دید

لندن ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) لندن کے مسلمانوں کو شاید اس بات کا افسوس ہوگا کہ کچھ ہی عرصہ میں برطانیہ یوروپی یونین سے نکل جائے گا تو کیا رمضان کی ایسی رونقیں پھر دیکھنے کو ملیں گی؟۔ آج رمضان المبارک کے 15 ویں روزہ کے وقت لندن کی ہر مسجد میں گہماگہمی کا عالم ہے جہاں خصوصی طور پر افطار کے وقت جس طرح کا اجتماع دیکھنے میں آرہا ہے وہ یقینا قابل دید ہے۔ یہ ایک ایسا شہر ہے جہاں ہندوستانی اور پاکستانی مسلمانوں کی کثیر تعداد آباد ہے اور ایسے بیشتر ریسٹورانٹس ہیں جہاں ہندوستانی اور پاکستانی کھانے بھی باآسانی دستیاب ہوتے ہیں جن سے نہ صرف سحری میں بلکہ بعد افطار بھی لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔ یہاں پر بھی افطار کے وقت ٹریفک جام ہوتا ہے اور زیرزمین ٹرینوں (ٹیوب) میں بھی بھیڑبھاڑ بڑھ جاتی ہے کیونکہ روزہ دار اپنی منزل مقصود کو پہنچنے میں عجلت سے کام لیتے ہیں۔ جیسا کہ ہم اکثر ہندوستانی شہروں میں دیکھتے ہیں بالکل ویسے ہی مناظر لندن میں بھی نظر آتے ہیں۔ مساجد میں مغرب کی نماز کے بعد جب لوگ باہر نکلتے ہیں تو ہمہ اقسام کی اشیاء سے لطف اندوز ہونے کیلئے مختلف ریسٹورانٹس کا رخ کرتے ہیں جہاں آج کل حیدرآبادی حلیم بھی دستیاب ہے۔ علاوہ ازیں بعض برطانوی پکوان بھی لوگوں کو بے حد پسند ہے۔ خاص طور پر انڈے سے بنا ہوا میٹھا مالپوا اور ساتھ ہی ساتھ بلیک کافی کی طلب میں اضافہ ہوجاتا ہے۔