لندن میں امبیڈکر کی یادگار کو منظوری

لندن۔25جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) حکومت مہاراشٹرا نے 35کروڑ روپئے کے خرچ سے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی یادگار تعمیر کرنے کیلئے جائیداد خریدنے کی منظوری دے دی ہے ۔ اُس نے لندن ہاؤز خریدنے کا ایک معاہدہ کیا ہے جہاں ڈاکٹر امبیڈکر 1921ء سے 1922ء قیام پذیر تھے ۔ جب کہ وہ لندن اسکول برائے معاشیات میں تعلیم حاصل کررہے تھے ۔ صدر فیڈریشن آف امبیڈکرائیٹ اینڈ بدھسٹ آرگنائزیشن برطانیہ سنتوش داس نے اپنے ایک بیان میں آج اس کی اطلاع دی ۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈکر کی 124ویں یوم پیدائش تقریب پر 14اپریل سے لندن ہاؤز عوام کیلئے کھول دیا جائے گا ۔ انہوں نے اس سودے کی منظوری دینے پر حکومت مہاراشٹرا سے اظہار تشکر بھی کیا ۔