اسلام آباد ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف پیر کو ہونے والے وفاقی کابینہ اور قومی اقتصادی کونسل کے اجلاسوں کی صدارت لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے کریں گے۔ نواز شریف اس وقت لندن میں موجود ہیں جہاں منگل کو ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہو گی۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق پیر کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوگا جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر غور کرنے کے بعد اس کی منظوری دی جائے گی۔اس کے علاوہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس بھی پیر کے روز ہی ہونا ہے جس میں مجوزہ سالانہ ترقیاتی منصوبے اور سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا جائے گا اور نواز شریف ان دونوں اجلاس کی صدارت لندن سے پاکستانی ہائی کمشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے کریں گے۔ اس سے قبل بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا تھا کہ وزیرِاعظم نوازشریف قلب کے آپریشن کے لیے لندن میں مقیم ہیں اور وہ لندن سے ہی امورِ مملکت بھی دیکھ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم کی معاونت کے لیے سرکاری افسران بھی لندن میں موجود ہیں۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ منگل کو وزیراعظم کا بائی پاس ہوگا اور جیسے ہی ڈاکٹر ان کو اجازت دیں گے نواز شریف پاکستان واپس آجائیں گے۔