لندن۔/3مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ میں کئے گئے ایک حالیہ سروے کے مطابق لندن شہر کو دنیا کا مہنگا ترین شہر قرار دیا گیا ہے جو نہ صر ف رہائشی بلکہ ملازمت کرنے والوں کے لئے بھی نیویارک اور ہانگ کانگ سے مہنگا ترین ہے۔ سروے میں ہندوستان کی تجارتی راجدھانی ممبئی کو مہنگائی کے اعتبارسے 17واں مقام دیا گیا ہے جو اس فہرست میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والا واحد شہر ہے جس میں صرف 20شہروں کو جگہ دی گئی ہے۔ برطانیہ کی رئیل اسٹیٹ کمپنی سیوس کے ذریعہ کئے گئے سروے کو پیر کے روز جاری کیا گیا جس میں برلن کو 18واں ، جوہانسبرگ کو 19واں اور ریوڈی جنیرو کو 20واں مقام دیا گیا ہے۔ جبکہ سروے میں مکانات اور دفاتر کے لئے حاصل کی جانے والی جگہ چاہے وہ کرائے پر ہو یا اسے خریدا گیاہو کا تجزیہ کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لندن پانچ سال قبل 18فیصد کم مہنگا تھا تاہم 2014 سے لند ن اس فہرست میں سب سے اوپر موجود ہے۔ لندن کو سڈنی ، لاس اینجلس اور شکاگو سے بھی مہنگا شہر قرار دیا گیا ہے۔