فرقہ پرست طاقتوں کا مقابلہ اور کانگریس کو کامیاب بنانے حاجی ہارون کی اپیل
بھوپال ۔ 10 اپریل (پریس ریلیز) مدھیہ پردیش جمعیت علماء کے صدر حاجی محمد ہارون ایڈوکیٹ نے 16 ویں پارلیمانی الیکشن کو سیکولرازم بنام کمیونلزم کا مقابلہ قرار دیتے ہوئے ملک اور مدھیہ پردیش کے عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ اپنے قیمتی ووٹ کا بھرپور استعمال کرکے سیکولر فکروذہن کے کامیاب ہونے والے امیدوار کو ہی ووٹ دیں تاکہ ملک کو زعفرانی رنگ میں رنگنے کا عزم و ارادہ رکھنے والی طاقتوں پر روک لگائی جاسکے۔ آج یہاں جاری بیان میں حاجی ہارون نے کہا کہ اس الیکشن کی تاریخی اہمیت کا احساس ہر ووٹر کو ہونا چاہئے اور جو جماعتیں آج اقلیتوں کے تئیں جھوٹی رواداری کا مکھوٹا لگا کر سامنے آرہی ہیں،
اقتدار کے حصول کیلئے ان کی حکمت عملی کو سمجھنا ضروری ہے بالخصوص ملک کی سب سے بڑی اقلیت مسلمانوں پر یہ زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک و قوم اور اپنی برادری کا مفاد پیش نظر رکھ کر اپنے ایک ایک ووٹ کا بھرپور استعمال کانگریس کے حق میں کریں ورنہ ’’لمحوں کی خطا صدیوں کی سزاء‘‘ نہ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس ہی واحد جماعت ہے جو ملکی سطح پر فرقہ پرست طاقتوں کی یلغار کا کارگر طور پر آج تک مقابلہ کرتی رہی ہے اور آگے بھی کرے گی۔ لہٰذا اس کا ساتھ دینا اور اس کے امیدواروں کو مدھیہ پردیش اور پورے ملک میں کامیاب بنانے ہماری پہلی ترجیح ہونا چاہئے۔