2 جون کو چیف منسٹر سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اجلاس میں یوم تاسیس تقاریب کا جائزہ
حیدرآباد۔/3مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت حسین ساگر کے کنارے لمبنی پارک میں شہیدان تلنگانہ کی عظیم یادگار کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ریاست کے یوم تاسیس کے موقع پر 2جون کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ یادگار کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ چیف منسٹر نے آج عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں یوم تاسیس تقاریب کا جائزہ لیا۔ حکومت نے 2جون کو بڑے پیمانے پر تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ نہ صرف حیدرآباد بلکہ ریاست کے تمام اضلاع میں یہ تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ امکان ہے کہ ایک ہفتہ تک مختلف پروگراموں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے حصول کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہیدان تلنگانہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جانا چاہیئے۔ یوم تاسیس کے موقع پر شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت کے طور پر حسین ساگر جھیل کے کنارے بڑی یادگار کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یادگار کے قیام کے ذریعہ آنے والی نسلوں کو شہیدان تلنگانہ کی قربانیوں سے واقف کرایا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ یادگار کی تعمیر کیلئے 12ایکر وسیع اراضی حاصل کرتے ہوئے یادگار کی تعمیر کا آغاز کیا جائے گا اور یہ کام محکمہ عمارات و شوارع کے چیف انجینئر گنپتی ریڈی کو تفویض کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے ان سے کہا کہ وہ بہت جلد تعمیری منصوبہ سے حکومت کو واقف کرائیں۔ یوم تاسیس تقاریب میں تلنگانہ کی جدوجہد، تلنگانہ کی تہذیب و روایات کو فروغ دینے پر مشتمل پروگرام ترتیب دیئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے نظریہ ساز پروفیسر جئے شنکر اور دیگر اہم شخصیتوں کی زندگی پر مشتمل ڈاکیومنٹری فلموں کی تیاری کا مشورہ دیا۔ حیدرآباد کے علاوہ دہلی اور ہر ضلع ہیڈکوارٹر پر تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ حسین ساگر پر بڑا قومی پرچم لہرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حسین ساگر جھیل کے کنارے واقع محکمہ جات سیاحت، بدھا پورنیما اور برقی کے دفاتر کو دیگر علاقوں میں منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔