حیدرآباد۔22ستمبر(سیاست نیوز) حسین ساگر میں پانی خطرے کے نشان سے اوپر پہنچنے کے بعد حکومت نے حسین ساگر کے اطراف موجود تین عوامی پارکس کو دو یوم کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر میں موسلادھار بارش کے دوران حسین ساگر جھیل خطرے کے نشان پر پہنچ چکا ہے اور حسین ساگر کا پانی لمبنی پارک میں داخل ہو چکا ہے۔حیدرآباد میٹرو پولٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اورمجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے لمبنی پار ک میں پانی داخل ہونے کی اطلاع کے بعدلمبنی پارک کے ساتھ این ٹی آر گارڈنس اورسنجیویا پارک کو دو یوم کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حسین ساگر میں بارش کے پانی کی تیزی کے ساتھ جمع ہونے کے سبب کئے گئے اس فیصلہ کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ یوم این ٹی آر گارڈنس کے روبرو نمودار ہونے والا گڑھا بھی ہے کیونکہ اس سڑک پر نمودار ہونے والے گڑھے کی گہرائی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ حسین ساگر میں آج بھی بارش کا پانی تیزی سے جمع ہوتا رہا اور جی ایچ ایم سی و ایچ ایم ڈی اے نے نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات میں تیزی پیدا کردی ہے۔ دونوں شہرو ںمیں حسین ساگر کے خطرے کے نشان کو عبور کرتے ہی افواہوں کا بازار ایک مرتبہ پھر گرم ہوگیا لیکن رات دیر گئے عہدیداروں نے پولیس کے تعاون سے حسین ساگر کے قریب موجود نشیبی علاقوں کے عوام کو منتقل ہونے کی اپیل کی اور قریبی مقامات پر راحت کاری کیمپس کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ منتقل ہونے والوں کو سہولت بہم پہنچائی جا سکے۔ حسین ساگر پہنچنے والے پانی کی رفتار اور اخراج پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال پر فوری کنٹرول کے اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔کمشنر جی ایچ ایم سی اس خصوص میںشخصی طور پر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور ماتحتین کو راست ہدایات جاری کر رہے ہیں۔