نئی دہلی 17 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی قومی عاملہ کی رکن للیتا کمار منگلم کو نیشنل کمیشن فار ویمن (NCW) کا صدرنشین مقرر کیا گیا ہے۔ دریں اثناء مرکزی وزیر برائے بہبودی خواتین و اطفال منیکا گاندھی نے کہاکہ للیتا کمار منگلم کی بحیثیت صدرنشین تقرری عمل میں آئی ہے جس کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں۔ حالانکہ کچھ روز قبل ہی منیکا گاندھی نے کمیشن میں سیاسی اثر و رسوخ سے کئے جانے والے تقررات کی مخالفت کی تھی۔ اس موقع پر مزید تفصیلات بتاتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ کمار منگلم کا تعلق ٹاملناڈو سے ہے اور ایک انتہائی معروف خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ موہن کمار منگلم کی دختر ہیں۔ جب منیکا گاندھی سے صدرنشین کے عہدہ کیلئے ایک جج کا انتخاب کرنے کے بارے میں پوچھا گیا تو اُنھوں نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ یہ ایک فطری بات ہے۔ بعض شعبوں میں خواتین کی کارکردگی اطمینان بخش ہوتی ہے۔