للت مودی کو وزیر خارجہ کی مدد قانونی اور اخلاقی غلطی

نئی دہلی / جئے پور ۔ 23 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) للت مودی کو ’’بھگوڑا‘‘ قرار دیتے ہوئے بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ آر کے سنگھ نے آج پارٹی قائدین سشما سوراج اور وسندھرا راجے کی داغدار سابق آئی پی ایل سربراہ کی مدد پر غیر متوقع طور پر تنقید کی۔ سابق مرکزی معتمد داخلہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ للت مودی کو ہندوستان واپس لانے کے تمام اقدامات کئے جائیں۔ للت مودی فی الحال برطانیہ میں ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں قانون کاسامنا کرناچاہئے۔ آر کے سنگھ کا سخت تبصرہ کسی بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی جانب سے للت مودی کو سشما سوراج کی مدد پر اولین برسر عام تنقید ہے۔آر کے سنگھ نے کہا کہ اگر کسی نے بھگوڑے کی مدد کی ہے تو یہ غلط ہوگا ۔ قانونی طور پر یہ غلط ہے اس کے ساتھ ساتھ اخلاقی طور پر بھی یہ غلط ہے ۔ اگر کسی نے بھگوڑے سے ملاقات کی تو اسے بھی غلط قرار دیا جاتا ہے ۔ آر کے سنگھ نے کہا کہ للت مودی عدالتی وارنٹ اور سمن کو نظر انداز کررہے ہیں۔