للت مودی کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا سمن

ممبئی ۔6 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے سابق آئی پی ایل کمشنر للت مودی کو مبینہ طورپر رقمی خرد برد مقدمہ میں سمن جاری کیا ہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ للت مودی کو اُن کے اٹارنی کے ذریعہ گزشتہ ہفتہ ہی سمن جاری کیا جاچکا ہے ۔ اُنھیں اندرون تین ہفتے حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے ایجنسی نے سابق بی سی سی آئی سربراہ این سرینواسن کا بیان بھی قلمبند کیا تھا ۔ یہ مقدمہ 2008 ء میں ورلڈ ا سپورٹس گروپ اور ملٹی اسکرین میڈیاکے مابین انڈین پریمیر لیگ کے 425 کروڑ کے مالیتی ٹیلی ویژن حقوق کی معاملت سے متعلق ہے ۔ 2008 ء میں بی سی سی آئی نے 918 ملین ڈالر کے عوض ورلڈ اسپورٹس گروپ کو میڈیا حقوق حوالے کئے تھے ، اُسی سال پیش آئے دیگر واقعات کے بعد انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے 2009 ء میں تحقیقات شروع کی ۔