للت مودی تنازعہ : وسندھرا کو بی جے پی کی مکمل حمایت

جئے پور ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) للت مودی تنازعہ میں پھنسی ہوئی وسندھرا راجے کا ساتھ دیتے ہوئے راجستھان بی جے پی یونٹ نے آج ان کی مکمل حمایت کی اور کہا کہ چیف منسٹر وسندھرا راجے بے قصور ہیں۔ چیف منسٹر نے آج خود ان اطلاعات کو بکواس قرار دیا ہیکہ انہوں نے 20 ارکان اسمبلی کی حمایت میں انہوں نے ایک دستخطی مہم چلائی تھی۔ مرکزی بی جے پی قیادت بھی وسندھرا راجے کی حمایت کررہی ہے۔ ریاستی صدر بی جے پی اشوک پرنامی نے ایک علحدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجے کے خلاف الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہیں بدنام کرنے کیلئے کانگریس یہ الزامات عائد کررہی ہے۔ پرنامی نے زور دیکر کہا کہ کانگریس سیاسی انتقامی کارروائی میں ملوث ہیں۔

کئی دہوں پرانے خاندانی تعلقات کو نشانہ بناتے ہوئے کانگریس للت مودی اور وسندھرا راجے کے درمیان دراڑ پیدا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ بی جے پی اپنے منتخب تمام ارکان اسمبلی کے ساتھ چیف منسٹر کی حمایت کرتی ہے۔ للت مودی کے حق میں داخل کردہ متنازعہ حلف نامے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حلف نامہ پر جو دستخط ہے وہ سندھرا راجے کی ہی ہے لیکن یہ صرف ایک مسودہ تھا۔ اسے برطانیہ میں عدالت یا کسی قانونی ادارہ کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔ اسی دوران وسندھرا راجے پر استعفیٰ کا دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔ کانگریس نے للت مودی اور وسندھرا راجے کے درمیان یادداشت مفاہمت کا سوال اٹھاتے ہوئے ان سے استعفیٰ کیلئے زور دیا ہے۔