لفتھانزا کے پائلٹوں کا ہڑتال میں توسیع کا فیصلہ

برلن۔ 3 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) جرمنی کی بڑی فضائی کمپنی لفتھانزا کے پائلٹوں کی ٹریڈ یونین ’کاک پِٹ‘ نے اپنی موجودہ ہڑتال ختم ہونے سے عین قبل اس کی مدت میں توسیع کے فیصلہ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ٹریڈ یونین کے منگل کو رات گئے ایک اعلان کے مطابق جمعرات سے اس ہڑتال میں لفتھانزا کی طویل فاصلوں کی مسافر پروازوں اور مال بردار طیاروں کے پائلٹ بھی شامل ہو جائیں گے۔ اس ہڑتال کی وجہ پائلٹوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر سے متعلق تنازعہ ہے۔ اس ایئر لائن کے پائلٹ اب تک 55 برس کی عمر میں ریٹائرمنٹ لے سکتے ہیں لیکن لفتھانزا یہ عمر بڑھا کر 60 برس کرنا چاہتی ہے، جس کی پائلٹوں کی ٹریڈ یونین کی طرف سے شدید مخالفت کی جا رہی ہے۔