لشکر سے وابستہ آٹھ ملزمین کو سزا کا کل اعلان

جے پور4دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان میں لشکر طیبہ کی سرگرمیوں کو چلانے کے الزا میں تین دہشت گردوں اور اس سے وابستہ پانچ اراکین سمیت آٹھ قصورواروں کو یہاں کی عدالت 6 ڈسمبر کو سزا سنائے گی۔جے پور کی ایڈیشنل سیشن عدالت نمبر ۔17کے جج پون گرگ نے گزشتہ تین دس نومبر کو ان آٹھوں ملزمین اصغر علی، پون پوری، شکراللہ، محمد اقبال، قابل خان (باشندہ جاور)، حافظ عبدالمجید اور ناگور میں رہنے والے ارون جین کو قصوروار قرار دیا تھا۔ ان کی سزا کے نکات پر آج بحث ہوئی۔ اس کے بعد عدالت نے چھ دسمبر کو سزا سنانے کا اعلان کیا۔انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) نے سات برس پرانے اس معاملہ میں فون پر کی گئی مشتبہ باتوں کو سن کر جیل میں بند لشکر طیبہ کے تین دہشت گردوں کی سرگرمیوں کا انکشاف کرکے بڑی سازش کا پردہ فاش کیا تھا۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مہاویر جندل نے بتایا کہ راجستھان کی بیکانیر جیل میں بند قیدی اصغر علی کو پاکستان میں بیٹھے لشکر طیبہ کے چیف کمانڈر وکی عرف ولید بھائی ہندستان میں تنظیم کو پھیلانے کی ہدایت ملی تھی۔ بیکانیر جیل میں بابو عرف نشاچند اور پون پوری نامی دو قیدیوں کو اصغر علی نے اپنی باتوں میں پھنسا لیا اور اپنے گروپ میں شامل کرلیا۔